ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ملکی خبریں / گوانتانامو قید خانے سے دو قیدیوں کی سربیا منتقلی

گوانتانامو قید خانے سے دو قیدیوں کی سربیا منتقلی

Tue, 12 Jul 2016 17:12:50  SO Admin   S.O. News Service

واشنگٹن،12جولائی(ایس اونیوز/آئی این ایس انڈیا)امریکا نے کہا ہے کہ وہ کیوبا کے جزیرہ گوانتانامو میں بنائے گئے بدنام زمانہ قید خانے سے دو قیدیوں کو سربیا منتقل کررہے ہیں جس کے بعد گوانتانامو حراستی مرکز میں باقی بچ جانے والے قیدیوں کی تعداد 76رہ جائے گی۔امریکی محکمہ دفاع (پینٹاگون)کی جانب سے جاری کردہ ایک بیان میں بتایا ہے کہ دو قیدیوں منصور احمد سعد اور تاجکستان کے محمد دولتوف کوسربیامنتقل کیا جا رہا ہے۔امریکی وزارت خارجہ کے خصوصی مندوب لی ولوسکی نے بتایا کہ اس سے قبل گوانتا نامو قید خانے سے کسی قیدی کو سربیا منتقل نہیں کیا گیا ہے۔ یہ پہلا موقع ہے جب دو قیدیوں کو سربیا منتقل کیا جا رہا ہے۔حال ہی میں امریکی وزیر خارجہ جان کیری نے خلیج گوانتانامو قید خانے کو بند کرنے کی جاری مساعی میں معاونت کرنے پر سربیا کی کوششوں کوسرہاتھا۔ ان کا کہنا تھا کہ گوانتا نامو جیل کے قیدیوں کو اپنے ہاں پناہ دینے کے اقدام سے سربیا کے عالمی کردار میں اضافہ ہوگا۔6 سال قبل امریکی وزارت خارجہ، وزرات دفاع، وزارت انصاف، وزارت برائے داخلی سلامتی، نیشنل انٹیلی جنس ڈائریکٹر کے دفتر اور چیف آف اسٹاف کمیٹی کی طرف سے دولتوف کی کسی دوسرے ملک منتقلی کی منظوری دے دی تھی۔امریکی محکمہ دفاع کا کہنا ہے کہ گذشتہ برس اکتوبر میں نظرثانی کونسل کی جانب سے جزیرہ گوانتانامو میں قید منصور احمد السعد کی کسی دوسرے مقام پر منتقلی کی منظوری دی تھی۔ نظرثانی کونسل کا کہنا تھا کہ منصور سعد سے امریکی قومی سلامتی کو کوئی خطرہ لاحق نہیں تھا۔ اس لیے اس کی گرفتاری ضروری نہیں تھی۔خیال رہے کہ امریکی صدر باراک اوباما نے سن 2009ء میں پہلی بار صدر منتخب ہونے سے قبل اپنی انتخابی مہم کے دوران بھی گوانتانامو جیل بند کرانے کا اعلان کیا تھا۔ صدر منتخب ہونے کے بعد انہیں ری پبلیکنز کی جانب سے سخت مخالفت کا سامنا کرنا پڑا جس کی بناء پر وہ گوانتانامو جیل بند کرانے میں ناکام رہے ہیں۔ البتہ ان کے دور حکومت میں کچھ قیدیوں کو دنیا کے مختلف ملکوں میں بھیجا گیا۔گوانتانامو جیل میں قیدیوں کی منتقلی کا آغاز 11ستمبر 2001ء کو امریکا میں ہونے والے حملوں کے بعد ہوا تھا۔ انسانی حقوق کی تنظیموں کا کہنا ہے کہ اس جیل میں ڈالے گئے قیدیوں پر نہ صرف وحشیانہ تشدد کیا گیا بلکہ انہیں بغیر کسی الزام اور مقدمہ چلائے بغیر قید رکھا گیا۔ اتوار کو امریکی حکومت کی طرف سے کہا گیا تھا کہ گوانتانامو جیل سے ایک قیدی کو اٹلی منتقل کیا جا رہا ہے۔


Share: